کورونا کبھی ختم نہ ہونے کا خدشہ ہے، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کردیا

اپ ڈیٹ 14 مئ 2020 07:44am
فائل فوٹو

جنیوا:عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کبھی ختم نہ ہونے کا خدشہ ہے،یہ ہماری زندگی کا حصہ بن سکتا ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈبلیوایچ او مائیکل ریان کا جینیوا میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انسانی آبادی میں ایک نیا وائرس داخل ہواہے لہذا پیشگوئی کرنا مشکل ہےکہ وائرس پر کب تک قابو پایا جا سکتا ہے۔

مائیکل ریان نے دنیا کو خبردار کرتے ہوئے بتایا کہ ایچ آئی وی کی طرح شاید کورونا بھی کبھی ختم نہ ہو اوردنیا کی پوری آبادی کو اس کے ساتھ رہنا پڑے،یہ ہماری  زندگی کا حصہ بن سکتا ہے۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈبلیو ایچ او کا کہنا تھا کہ کورونا ہمارے معاشرے میں ایک اورمستقل وبا ءکی شکل اختیارکر سکتا ہے، ہمیں ایک دوسرے کو وائرس سے بچانا ہوگا، ویکسین کے بغیر وائرس کیخلاف انسانی جسم میں درکار قوتِ مدافعت بننے میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔

مائیکل ریان  نے مزید کہا کہ پابندیوں میں نرمی سے وبا کی دوسری لہر نہ آنے کی ضمانت نہیں دی جاسکتی، بہت سےممالک چاہیں گےکہ پابندیوں سے باہر آئیں، لیکن ہماری سفارش ہےکسی بھی ملک میں انتباہ اعلیٰ سطح پر ہونا چاہیئے۔